Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 اپريل 2014 09:07pm

منفی سوچ شکست کی وجہ بنی، آفریدی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کا ذمہ دار ہدف کے تعاقب کے دوران منفی سوچ کو قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز ویسٹ انڈیز نے عالمی ٹی ٹوئنٹی کے ایک اہم میچ میں پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ویسٹ انڈیز نے اپنی اننگ کے دوران 167 رنز کا ہدف پاکستان کو دیا جس کے جواب میں گرین شرٹس صرف 82 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

ہدھ کو کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد کا کہنا تھا کہ اختتامی تین اوورز خاصے مہنگے ثابت ہوئے جن کی مدد سے ویسٹ انڈیز 166 رنز تک پہنچ پایا۔

ابتدائی 15 اووروں میں میچ پر کنٹرول بنائے رکھنے کے بعد گرین شرٹس نے اختتامی پانچ اوورز میں 82 رنز دے دیے تھے جس کے باعث ویسٹ انڈیز ایک اچھا اسکور کرنے میں کامیاب ہوا۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں موجود کھلاڑی بہترین ہیں تاہم کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی کی ضرورت ہے۔

پاور پلے میں صرف 13 رنز اسکور کرتے ہوئے چار وکٹیں گنوانے والی پاکستانی ٹیم کے بلے بازوں کے بارے میں شاہد کا کہنا تھا کہ وہ منفی سوچ کے باعث بہتر کھیل پیش نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ایسے ہی کھیل کی ضرورت تھی۔

کپتانی کے حوالے سے سوال پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے لیے وہ ہر چیلنج کو قبول کرنے کو تیار ہیں۔

دوسری جانب ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز اننگ کے 17 اوورز تک میچ پاکستان کی گرفت میں تھا تاہم اس کے بعد میچ میں ویسٹ انڈیز نے زبردست واپسی کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گراؤنڈ میں کھلاڑی ہی لڑتے ہیں، ان کا کام حکمت عملی تشکیل دینا ہے جو انہوں نے کیا۔

Read Comments