Dawn News Television

شائع 16 اپريل 2014 08:38pm

ٹی ٹی پی کا جنگ بندی میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

پشاور: کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے بدھ کو جنگ بندی میں توسیع نہ کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ اور کہا ہے کہ حکومت عسکریت پسند تنظیم کی جانب سے چالیس دنوں سے زیادہ جنگ بندی کا مثبت جواب دینے میں ناکام رہی ہے۔

تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ طالبان شورٰی نے جنگ بندی میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ گزشتہ چالیس دنوں کے دوران پچاس سے زائد طالبان کارکنوں کو حراست میں ہلاک کیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت چاہے تو طالبان بامعٰنی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

شاہد اللہ شاہد کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم نہ صرف پوری سنجیدگی سے مذاکراتی عمل جاری رکھے گی بلکہ حکومت کی طرف سے واضح پیش رفت سامنے آنے کی صورت میں سنجیدہ قدم اٹھانے سے بھی نہیں ہچکچائے گی۔

اس کے علاوہ، تحریک طالبان پاکستان کے مہمند ایجنسی کے سربراہ عمر خالد خراسانی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت امن مذاکرات کے لیئے سنجیدہ نہیں ہے اس کا واحد راستہ جہاد ہے۔

واضح رہے کہ طالبان نے حکومت اور طالبان کمیٹی کے درمیان مذاکراتی تعطل کو توڑنے کے لیئے یکم مارچ کو ایک مہینے کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

اس کے بعد حکومت نے بھی قبائلی علاقوں میں ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں پر فضائی حملے روکنے کا اعلان کیا تھا۔

کالعدم تحریکِ طالبان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے مطالبات میں حکومت کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔ حکومت نے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا ، آپریشن بند نہیں ہوئے اور ان کے ساتھیوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری رہا۔

ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ طالبان شوریٰ کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔

Read Comments