Dawn News Television

شائع 16 اپريل 2014 10:20pm

وزیر اعظم نے قومی سلامتی پر اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے قومی سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس جمعرات کو وزیر اعظم ہاوس میں طلب کیا ہے۔

اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات اور قومی سلامتی کے مشیر شرکت کریں گے۔

اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈائریکٹر جنرل آئی بی، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کی بھی شرکت متوقع ہے۔

کابینہ کے ایک ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں حکومت طالبان مذاکرات سے متعلق تازہ ترین پیشرفت زیر غور آئے گی۔

میٹنگ میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان حکومت اور تحریک طالبان اور اس کی چھتری تلے عکسریت پسندوں کے مطالبات کے حوالے سے مذاکراتی عمل کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں شرکا کو آگاہ کریں گے۔

کابینہ کے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں حال ہی میں ہونے والے افغانستان کے انتخابات بھی زیر غور آئیں گے۔

یہ ایک ماہ میں پہلی مرتبہ ہے کہ سول اور فوجی قیادت ایک دوسرے کا سامنا کریں گے جو کچھ کابینہ ارکان کی طرف سے فوجی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف دیئے گئے بیانات کے بعد تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

Read Comments