Dawn News Television

شائع 24 مئ 2014 03:10pm

پاکستانی ڈاکٹر کے لیے عالمی ایوارڈ

اسلام آباد: ورلڈ ہیلتھ اسمبلی نے پاکستانی معالج ڈاکٹر ذوالفقار بھٹّہ کو بچوں کی صحت اور نومولود بچوں کی زندگی کو بچانے کے حوالے سے ان کے عالمی سطح کے کاموں کو سراہتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نوازا ہے۔

جمعرات کے روز جینوا میں منعقدہ ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے ایک اجلاس کے دوران عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر مارگریٹ چان نے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹّہ کے لیے احسان ڈورامجے فیملی ایوارڈ فاؤنڈیشن پرائزکا اعلان کیا۔

ڈاکٹر بھٹّہ آغا خان یونیورسٹی کراچی میں خواتین اور بچوں کی صحت کے مرکز کے بانی ڈائریکٹر ہیں اور کینیڈا میں ٹورانٹو کے بیمار بچوں کے ہسپتال کے لیے بھی کام کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ انڈیپنڈنٹ ایکسپرٹ ریویو گروپ کے سات اراکین میں سے ایک ہے، جنہیں اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق ملینئم ترقیاتی اہداف کی نگرانی کے لیے مقرر کیا ہے۔

وہ ویکسین اور وبائی امراض سے تحفظ کے بورڈ کے لیے عالمی اتحاد اور ریسرچ تنظیموں کی نمائندگی بھی کرتے ہیں، اور ڈبلیو ایچ او کی زچہ و بچہ کی صحت کے متعلق نگران کمیٹی کے شریک سربراہ بھی ہیں۔

ڈاکٹر ذوالفقار بھٹّہ نے ڈان کو بتایا کہ یہ پہلا موقع تھا کہ اس عالمی فورم پر ایک پاکستانی کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ستم ظریفی دیکھیے کہ اس ایوارڈ کی تقریب میں حکومت کی کوئی نمائندگی نہیں تھی۔

نومولود بچوں اور بچوں کی زندگی بچانے، زچہ اور غذائی کمی کا شکار بچوں کے شعبے ڈاکٹر بھٹہ کی ریسرچ کے موضوعات میں شامل ہیں۔

وہ پاکستان میں قائم ریسرچ کے ایک بڑے گروپ کی قیادت بھی کرتے ہیں۔

Read Comments