پاکستان

خیبر ایجنسی: چیک پوسٹ پر حملہ، تین سیکورٹی اہلکار ہلاک

اسی دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں چار مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاک افغان مرکزی شاہراہ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں خاصہ دار فورس کے تین اہلکار ہلاک، جبکہ فرنٹیئر کور کے دو سپاہیوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔

اسی دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں چار مشتبہ شدت پسند بھی ہلاک ہوئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے اس واقعہ میں خاصہ دار فورس کے تین اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی میں چار شدت پسند بھی مارے گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شدت پسندوں نے بدھ کی رات تحصیل جمرود میں سور قمر کے قریب حوالداری چوکی پر حملہ کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جنگجوؤں نے چوکی میں موجود سیکورٹی اہلکاروں کی مدد کے لیے آنے والے ایف سی کے دستے کو بھی نشانہ بنایا۔

خیبر ایجنسی میں اس سے قبل بھی کئی بار اس قسم کے حملے ہوچکے ہیں اور یہ علاقہ افغان سرحد سے متصل ہے جہاں پر القاعدہ سے تعلق رہنے والے شدت پسندوں کی پناہ گاہیں بھی موجود ہیں۔