پشاور طیارہ فائرنگ کیس : پولیٹیکل انتظامیہ کی مدد طلب
پشاور: چند روز قبل پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والے پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے خیبر پختونخوا پولیس نے پولیٹیکل انتظامیہ سے مدد طلب کرلی ہے۔
ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق اس واقعے میں ملوث کالعدم طالبان تنظیم کے کمانڈر شاہد کے سر کی قیمت ایک کروڑ مقرر کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پشاور میں پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے درۂ آدم خیل اور خیبر ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں کالعدم تحریک طالبان کے مبینہ کمانڈر شاہد کا نام سامنے آیا ہے اور پولیس کی جانب سے اُس کے سر کی قیمت ایک کروڑ مقرر کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق طیارے پر فائرنگ میں کالعدم تحریک طالبان کا شاہد گروپ ملوث ہے۔
اس واقعہ کی مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں جبکہ اس سلسلے میں وفاق سمیت فوج اور محسود سکاؤٹس سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔