Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2014 02:26pm

آئی ڈی پیز کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے گئے، پاک فوج

بنوں: پاک فوج کی انجینئرنگ ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل اختر جمیل راؤ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے نقلِ مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع بنوں میں قائم کیمپوں میں چھ لاکھ کے قریب متاثرہ افراد آئے ہیں اور ان میں سے کوئی ایک بھی بھوکا نہیں سویا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز میں شامل بچوں کے لیے اسکول بھی قائم کیے جارہے ہیں، جبکہ کیمپوں میں موجود آئی ڈی پیز مطمئن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کے کیمپ میں سیوریج کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں۔

آئی ڈی پیز کی سیکیورٹی پر بات کرتے ہوئے میجر جنرل اختر راؤ کا کہنا تھا کہ ضلع بنوں میں تقریباً ایک ہزار فوجی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان واپسی پر بھی ان افراد کو سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

بریفنگ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن ضربِ عضب کی تکمیل کے بعد شمالی وزیرستان میں تعمیرِ نو کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان سے 84 فیصد متاثرین نے نقلِ مکانی کی اور بنوں میں دستاویزات کی تصدیق کے لیے بھی مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امداد ہر متاثرہ خاندان کے سربراہ کو دی جائے گی اور راشن کی تقسیم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔

Read Comments