Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2014 09:16pm

امریکی ڈرون حملے میں چھ القاعدہ کمانڈرز ہلاک ہوئے، رپورٹ

پشاور: کالعدم تنظیم القاعدہ نے تصدیق کی ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں حالیہ ڈرون حملے میں اس کے چھ کمانڈرز ہلاک ہوئے تھے۔

دی لانگ وار جنرل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں القاعدہ کی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔

شام میں موجود القاعدہ کی فتح کمیٹی کے سربراہ صنَفی النصر کے مطابق شمالی وزیرستان میں مارے جانے والے ان کے چھ ساتھیوں میں سے تین کے نام تاج المکی، ابو عبدالرحمان الکویتی اور فیض اودا الخالدی ہیں۔

صنفی النصر نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ہلاک ہونے والے چھ کمانڈروں کا تعلق حافذ گل بہادر گروپ سے تھا جو دس جولائی کو ہونے والے ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے۔

خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کے آغاز کے بعد دس جولائی کو ہونے والا یہ پہلا ڈرون حملہ تھا۔

رپورٹ کے مطابق صنفی النصر سعودی شہری ہیں جب کہ ان کا اصل نام عبدالمحسن عبداللہ ابراہیم الشریخ ہے اور وہ شام منتقل ہونے سے قبل شمالی وزیرستان میں موجود تھے۔

Read Comments