Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2014 06:54pm

کیپٹن حارث سلیمان: نوجوان پائلٹ کو خراج تحسین

کراچی: نوجوان پائلٹ حارث سلیمان پاکستان میں تعلیم کے لیے فنڈز جمع کرنے کے غرض سے دنیا کے گرد اپنا 30 روزہ سفر مکمل کررہے تھے کہ ان کا طیارہ بدھ کے روز گر کر تباہ ہوگیا۔

دوست اور لواحقین اس افسوسناک واقعے پر صدمے کا شکار ہیں وہیں وہ نوجوان کے حوصلے اور جذبے کو بھی سراہتے ہیں۔ وہ 'دی سٹیزنز فاؤنڈیشن' کے لیے ان کی کاوشوں کے حوالے سے بھی ان کے شکرگزار ہیں۔

ٹوئیٹر اور فیس بک پر بھی مختلف لوگوں نے المناک واقعے کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا جبکہ کئی لوگوں کے لیے یہ دل توڑ دینے والا واقعہ تھا۔

ٹوئٹر پر 17 سالہ نوجوان کے لیے متعدد افراد نے 'ریسٹ ان پیس' کا پیغام دیا۔ اسی دوران ہمیں خود حارث کی طرف سے استعمال کیے جانے والا ٹوئیٹر اکاؤنٹ ملا۔

اس اکاؤنٹ کے حوالے حارث کے ایک قریبی رشتہ دار نے ڈان سے تصدیق کی ہے کہ اسے حارث ہی استعمال کیا کرتے تھے جس میں انہوں نے اپنے سفر کے یادگار لمحے جمع کر رکھے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق حارث 'بونینزا بوئے' نامی ایک اور ٹوئیٹر اکاؤنٹ بھی استعمال کیا کرتے تھے۔

حارث کی بہن حبہ سلیمان کا وہ اسٹیٹس جس میں انہوں نے اپنے بھائی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

`

`


ٹی سی ایف کا نوجوان پائلٹ کی ہلاکت پر اظہار افسوس


ادھر ٹی سی ایف کی میجنمنٹ جن کے ساتھ حارث تعلیم کے لیے مہم چلا رہے تھے، حارث کے طیارے کی خبر سننے کے بعد سے صدمے کا شکار ہیں۔ نوجوان حارث اور ان کے والد ٹی سی ایف کے اسکولوں کے لیے فنڈز جمع کررہے تھے۔

ٹی سی ایف کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر سید اسد ایوب احمد کا کہنا تھا کہ واقعے سے ٹی سی ایف فیملی کو بہت صدمہ ہوا ہے۔ حارث اور ان کے والد بہت باہمت اور جذبے سے بھرپور شخصیات تھیں جنہوں نے غریبوں کی میں تعلیم کی فروغ کے لیے اس سفر کا آغاز کیا تھا۔

ٹی سی ایف کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ حارث کے نہ ہونے کے باوجود ان کی مہم کو جاری رکھا جائے گا جس کا مقصد دس لاکھ ڈالڑ جمع کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے سے قبل حارث اور ان کے والد نے 60 فیصد رقم پہلے ہی جمعے کرلی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ حارث پانچ اسکول تعمیر کرنا چاہتے تھے، انہوں نے دو اسکول تعمیر کرنے کے لیے رقم جمع کرلی ہے۔

حارث کی فیملی کے ساتھ کافی عرصے سے منسلک کیپٹن (ر) ناصر خان نے ڈان سے بات چیت کے دوران اس امید کا اظہار کیا کہ حادثے کے حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور بابر سلیمان کی لاش اور جہاز کا ملبہ تلاش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سامو ایک جزیرہ ہے جس کی وجہ سے تلاش کرنے کی مہم کا دائرہ کار بہت بڑا نہیں ہونا چاہیئے جس کے باعث بابر اور جہاز کے مل جانے کے امکانات روشن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اور حارث بہت باہمت شخصیات تھیں اور ایوی ایشن فیملی انکے اس جذبے کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔

Read Comments