Dawn News Television

شائع 28 جولائ 2014 02:27pm

چودہ اگست سے بروغل فیسٹیول کا آغاز

چترال: وادیٔ بروغل میں چودہ اگست سے تین روزہ بروغل فیسٹیول شروع ہوگا۔ سطح سمندر سے 13 ہزار فٹ بلندی پر واقع یہ وادی دنیا کی چھت کے طور پر جانی جاتی ہے۔

فری اسٹائل وائلڈ پولو، یاک پولو، گھڑ دوڑ، پہاڑی میراتھن، یاک ریس، رسّہ کشی، لائف اسٹائل شو اور دستکاری کی نمائش اس فیسٹیول کی اہم خصوصیات ہیں۔

بروغل کی وادی اپنے خوبصورت قدرتی مناظر، برف پوش چوٹیوں، شاندار کرمبر جھیل اور پچیس سے زیادہ چھوٹی جھیلوں کے ساتھ تین اہم گزرگاہوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ گزرگاہیں اس وادی کو مغرب میں کانخن پاس کے ذریعے واخان کوریڈور سے ملاتی ہیں۔

یہ وادی چترال شہر سے 260 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور صرف جیپ کے ذریعے ہی وہاں پہنچا جاسکتا ہے، جو اس وادی تک پہنچنے کے لیے عموماًبارہ سے پندرہ گھنٹے کا وقت لیتی ہیں۔

ایک مقامی ٹوور آپریٹر مراد اکبر نے ڈان کو بتایا کہ اس سال اس فیسٹیول کا اہتمام قومی سطح پر کیا جارہا ہے،میدانی علاقوں میں شدید موسم گرما اور رمضان کے اختتام کی وجہ سے بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا ’’اس سے پہلے اس فیسٹیول کا اہتمام ایک مقامی تنظیم کی جانب سے محدود پیمانے پر مقامی سطح پر کیا جاتا تھا۔‘‘

مراد اکبر نے کہا کہ پُرفضا سیاحت کے لیے اس وادی کو جنت نظیر سمجھا جاتا تھا، جہاں پانچ گلیشیئر، پینتیس جھیلیں اور گرم پانی کے بہت سے چشمے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسیقی اس فیسٹیول کا سب سے زیادہ حصہ ہوگی، جس میں ہر عمر کے لوگ حصہ لیں گے، جبکہ سیاحوں کے ذوق کے مطابق کچھ قدیم روایتی کھانے پکائے جائیں گے۔

اکبر مراد نے کہا ’’بزرگوں کے روایتی لباس جیسے وارانگ، جو اون سے تیار کی جانے والی ایک بڑی چادر ہوتی ہے، خون، ہاتھوں سے تیار کیے جانے والے چمڑے کے جوتے اور دو حصوں میں اونی کپڑوں کی نمائش کی جائے گی، جس سے یہ فیسٹیول ایک مکمل ثقافتی تقریب بن جائے گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ وادی میں قیام و طعام کے انتظامات ٹوور آپریٹرز کی جانب سے کیے جارہے ہیں اور اس بارے میں سیاحوں کو فکرمند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

Read Comments