Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2014 02:02pm

انقلاب صرف جمہوریت کے ذریعے ہی آئے گا، وزیراعظم

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب انقلاب صرف جمہوریت کے ذریعے ہی آئے گا۔

منگل کو جدہ میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہزاروں لوگ کروڑوں کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سنجیدہ سیاسی قوتیں جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں اور انقلاب کی باتیں کرنے والے جان لیں کہ اب ملک میں انقلاب صرف جمہوریت کے ذریعے ہی آئے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور ڈاکٹر طاہر القادری نے ان دنوں حکمران جماعت کو سیاسی مشکلات سے دو چار کر رکھا ہے۔

پی ٹی آئی نے گزشتہ سال انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور الیکشن اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی پلیٹ فارم پر ان کے مطالبات کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی گئی لہذا وہ چودہ اگست کو اسلام آباد میں لانگ مارچ کریں گے۔

عمرہ اور عید کے لیے ان دنوں سعودی عرب میں موجود نواز شریف نے احتجاج کرنے والوں کو مذاکرات کی دعوت دی اور کہا کہ سڑکوں پر آنے کے بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔

تاہم، ہفتہ کو پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے ایک اجلاس میں طے کیا ہے کہ اب حکومت کے ساتھ بات چیت کا وقت گزر گیا۔

پارٹی نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ 'اب حتمی فیصلے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے موقع پر ہی ہوں گے'۔

دوسری جانب، تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری بھی 'انقلاب' لانے کا اعلان کر چکے ہیں۔

انہوں نے اپنے کارکنوں کو 'انقلاب' کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دے رکھی ہے اور وہ کسی بھی دن اس کے لیے تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں۔

Read Comments