پاک-انڈیا فٹبال مقابلہ آج
بنگلور: انڈیا اور پاکستان کی فٹ بال ٹیموں میں اتوار سے دو میچوں کی سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
انڈین ٹیم کے کپتان سنیل چیتری نے کہا ہے کہ روائتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلنا بہت خاص موقع ہے۔
تجربہ کار سٹرائیکر نے امید ظاہر کی کہ اس محدود سیریز سے دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان سیاسی ماحول بہتر ہو گا۔
'میں نے پاکستان کے خلاف جتنے بھی میچ کھیلے وہ عام نہیں تھے اور دونوں ٹیمیں یہ بات اچھی طرح جانتی ہیں'۔
'ان کے لئے بھی یہ میچ بہت خاص ہیں ۔ پاک-انڈیا مقابلہ ہمیشہ ہی سپیشل ہوتا ہے'۔
چیتری کے مطابق، تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات بہتر بنانے میں کھیلوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔
کھیلوں کے ذریعے تعلقات بنانا اہم ہے بالخصوص پڑوسی ملکوں کے ساتھ'۔
یاد رہے کہ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد انڈیا نے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کے باہمی کھیلوں کے تعلقات ختم کر لئے تھے۔
اگلے مہینے جنوبی کوریا میں کھیلے جا رہے ایشین گیمز سے پہلے اس محدو د سیریز سے ٹیموں کو اپنی خامیاں اور مضبوط نکات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔
اتوار کوہونے والے میچ کی تمام آن لائن ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں جبکہ سٹیڈیم میں ٹکٹیں بہت تیزی سے فروخت ہو رہی ہیں۔
آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے میڈیا مینیجر کنال مجگاؤنکر نے بتایا کہ شائقین کا ردعمل بہت مثبت ہے۔'ہم نے 2400 آن لائن ٹکٹیں فروخت کے لئے پیش کی تھیں جو بک گئیں'۔
انہوں نے بتایا کہ سٹیڈیم بوتھ پر 85 فیصد ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔
میچ کے لئے بنگلور فٹبال سٹیڈیم کے اطراف سخت سیکورٹی کے انتظاما ت ہیں۔
سیریز کا دوسرا اور آخری مقابلہ بدھ کو کھیلا جائے گا۔