Dawn News Television

شائع 21 اگست 2014 09:34pm

پاکستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، امریکا

امریکا نے دارالحکومت اسلام آباد میں جاری دھرنوں پر تبصرہ کرتے ہوئے احتجاج کرنے والی جماعتوں اور حکومت سے پرتشدد واقعات سے بچنے کے ساتھ ساتھ قانون کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان میں امریکی سفارتخانے سے جاری ایک بیان میں امریکا نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کو قریب سے دیکھ رہا ہے تاہم وہ اس سارے عمل اور تمام پارٹیز کے درمیان کسی قسم کی بات چیت میں شامل نہیں ہے ۔

امریکا کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج اور اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کی اہم خصوصیات ہیں ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی اختلافات کو ختم کرنے کے لیے تشدد اور نجی و سرکاری املاک عمارتوں کو نقصان پہنچا نا ناقابل قبول ہے تاہم امریکا غیرآئینی اقدامات کے ذریعے سیاسی تبدیل کی تمام کوششوں کی مخالفت کرتا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر پرامن طریقے سے اپنے اختلافات کو حل کرنے کا راستہ نکالیں جو کہ پاکستان میں جمہوری اداروں اور قانون کو مضبوط کرے گا۔

Read Comments