Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اگست 2014 09:51am

نواز شریف نے جو بویا تھا، وہی کاٹ رہے ہیں: یوسف رضا گیلانی

لاہور: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نواز شریف اس بحران کے لیے ذمہ دار ہیں۔

بدھ کے روز یہاں ڈان سے بات کرتے ہوئے گیلانی نے کہا ’’نواز شریف کو پارلیمنٹ کی بالادستی کی وجہ سے احترام دیا گیا تھا، لیکن آج صورتحال مختلف ہوگئی ہے۔ انہوں نے جو بویا تھا، اسی کی فصل کاٹ رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا ’’نواز شریف کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، جب میں وزیراعظم تھا تو انہوں نے اسپیکر کی رولنگ کی وجہ سے احترام ظاہر کیا تھا۔درحقیقت میری مدت وزارت کے دوران نواز شریف نے پارلیمنٹ کو کمزور کیا تھا، اور اب انہیں لازماً اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہیٔے۔‘‘

قومی اسمبلی میں نواز شریف کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیراعظم کے الفاظ تھے کہ انہیں پارلیمنٹ کی مکمل حمایت حاصل ہے، لہٰذا ان کا استعفٰی دینا ممکن نہیں، اس کی آئین میں بھی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا ’’میں نواز شریف کو یاد دلانا چاہوں گا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ مجھے ایوان کی مکمل حمایت حاصل تھی اور اسپیکر کی رولنگ بھی میرے حق میں تھی، ان کی پارٹی کے اراکن اسمبلی ’گو گیلانی گو‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔‘‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسپیکر جو جمہوریت کے پارلیمانی نظام میں ایوان کے نگہبان تھے، کی رولنگ کو احترام نہ دے کر مسلم لیگ ن نے اس وقت پارلیمنٹ کے ادارے کو مجروح کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تام ریاستی اداروں کو پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ بنایا تھا، اور پارلیمانی تاریخ اس دور کی اس حقیقت کے ریکارڈ کی گواہ ہے۔ اس کے برعکس نواز شریف مشکل سے ہی ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں میں دکھائی دیتے ہیں۔

Read Comments