Dawn News Television

شائع 28 اگست 2014 12:27pm

وزیراعظم کا دورہ منسوخ، صدر ترکی روانہ

اسلام آباد: ملک میں جاری سیاسی بحران کے باعث وزیراعظم نوازشریف کا دورۂ ترکی منسوخ کردیا گیا اور صدر پاکستان ممنون حسین ترکی کے نو منتخب صدر طیب اردگان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے ترکی روانہ ہو گئے ہیں۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام متین حیدر کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، لیکن ملک میں جاری سیاسی بحران اور بے یقینی کی صورتحال کے باعث انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کردیا، ان کی جگہ صدر ممنون حسین مذکورہ تقریب میں شرکت کریں گے۔

محکمہ خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز بھی صدر ممنون حسین کے ہمراہ ترک صدر کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

صدر ممنون حسین سمیت چھیاسٹھ ممالک کے سربراہان مملکت تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے ترکی پہنچ رہے ہیں۔

تین مرتبہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہنے والے طیب اردگان آج حلف اٹھانے کے بعد ترکی کے بارہویں صدر بن جائیں گے۔

دس اگست کو تاریخ میں پہلی مرتبہ براہ راست صدارتی انتخابات میں انصاف اور ترقی پسند پارٹی کے رجب طیب اردگان 51 فیصد سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔

اس کامیابی نے اردگان کے اختیارات میں مزید اضافہ کرکے انہیں اور مضبوط بنادیا ہے۔

پاکستان اور ترکی کے مابین اچھے باہمی تعلقات ہیں، جنہیں صدر کے دورے کے بعد مزید تقویت ملے گی۔

Read Comments