Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2014 02:05pm

'ڈاکیارڈ حملے میں ٹی ٹی پی کا سندھ چیپٹر ملوث'

کراچی: حساس اداروں نے کراچی میں نیوی کی تنصیبات ڈاکیارڈ پر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق رپورٹ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سندھی گروپ کو ملوث قرار دیا گیا ہے۔

حساس اداروں نے 21افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے جن میں 14سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔

حساس اداروں کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ طالبان کا سندھی گروپ صوبے کے کئی سرکاری اداروں میں فعال ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیوی کمانڈوز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کی کارروائی کو ناکام بنایا۔

حملہ آور نیوی کے ورکشاپ سمیت اہم تنصیبات کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حساس اداروں نے سندھ کے مختلف شہروں سے 21 ملزمان گرفتار کیے ہیں، گرفتار کیے جانے والے افراد میں 14سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں جن میں سے 3 اہم ملزمان کو لاڑکانہ اور 2 کو جامشورو سے گرفتار کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ تین روز قبل کوئٹہ سے نیوی کے تین افسران گرفتار کیے گئے تھے جو مبینہ طور پر ڈاکیارڈ پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے، ان گرفتار افسران کے حوالے سے یہ اطلاع بھی سامنے آئی تھی کہ یہ تمام افغانستان فرار ہونا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ 6 ستمبر کو ڈاکیارڈ پر حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک نیوی کا اہلکار اور 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

Read Comments