Dawn News Television

شائع 15 ستمبر 2014 12:13pm

وزیر قانون اور آئی جی پنجاب کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے صوبائی وزیرِ قانون رانا مشہود اور آئی جی پنجاب کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفظ کرلیا۔

خیال رہے کہ یہ درخواست پی ٹی آئی کے وکیل زبیر خان نیازی کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے پنجاب حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار اور ہراساں نہ کرے، تاہم اس کے باوجود گرفتاریاں کرکے وزیرِقانون اور آئی جی پنجاب توہینِ عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ وزیرقانون اور آئی جی پنجاب کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرے۔

بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

پی ٹی آئی کے 35 کارکن ضمانت پر رہا

دوسری جانب لاہور کی ایک مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے 35 کارکنوں کو آج پیر کے روز ضمانت پر رہا کردیا۔

مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز احمد نے ان کارکنوں کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے انہیں پچاس پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کیا ہے۔

خیال رہے کہ ان کارکنوں کو گزشتہ روز 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

Read Comments