Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2014 11:52am

عمران خان کا جمعہ کو'یوم نجات' اور ’گونوازگو ڈے‘‘ منانے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جمعہ کو ’’یوم نجات‘‘ اور ’’گو نواز گو ڈے‘‘ منائیں گے جب تک نواز شریف استعفی نہیں دیں گے اس وقت تک احتجاج ختم نہیں ہوگا اور عید کی قربانی بھی اسی جگہ کریں گے۔

اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب میں عمران خان نے نواز شریف کو چیلنج کیا کہ میرے تمام اثاثے سب کے سامنے ہیں جبکہ میرے بیٹوں کے نام پر کچھ بھی نہیں ہے اگر نواز شریف اپنے اور اپنے خاندان کے تمام افراد کے پاکستان اور بیرون ملک اثاثے ظاہر کر دیں تو دھرنا ختم کر دوں گا، اگر نواز شریف میں جرت ہے تو تمام اثاثے ظاہر کریں لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ وہ جانتے ہیں اگر ایسا کیا تو ٹیکس چوری یا پھر بد عنوانی کے الزامات میں پکڑے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کو 34واں دن ہو گئے ہیں مگر عوام کے احتجاج میں کمی نہیں آئی بلکہ اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے اعلان کیا کہ جمعہ کو میں دھرنے میں اپنا بجلی کا بل جلاؤں گا تاکہ ان حکمرانوں کو پیغام دیا جا سکے کہ انہوں نے بجلی کیوں دو گنا مہنگی کر دی ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے الیکشن کمیشن کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری افضل خان کو وکیل دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے سابق ایڈیشنل سکیریٹری نے انتخابات میں دھاندلی کو بے نقاب کیا جس پر الیکشن کمیشن کے رکن ریاض کیانی نے ان پر کیس کر دیا ہے ، ہم افضل خان کو وکیل فراہم کریں گے اور دھاندلی بے نقاب کرنے پر ان کا مقدمہ بھی لڑیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف امریکا دورے کے لیے 4کروڑ روپے زائد مانگ رہے ہیں، شریف برادران کوعوام کی فکر نہیں، شریف برادران کے بچوں کا لائف اسٹائل دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار کارکنوں کی رہائی کی جنگ لڑ رہے ہیں کل عدالت جا رہے ہیں تاکہ ان کو رہائی دلوا سکیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کا آئین پر امن احتجاج کی اجازت دیتا ہے کارکنوں کو کس جرم میں گرفتار کیا جا رہا ہے جس پولیس نے عوام کو انصاف دینا تھا ان کو حکمران قانون کی خلاف ورزی کروا رہے ہیں۔

پنجاب میں بھوانہ فلائی اوور کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ شریف خاندان کی ایک شوگر مل ہے جس کا نام رمضان شوگر مل ہے جس تک جانے کے لیے پل بنایا جا رہا ہے جس پر 250 کروڑ روپے خرچ ہو رہا ہے یہ عوام کا پیسہ ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

Read Comments