Dawn News Television

شائع 17 ستمبر 2014 02:55am

ملک میں ایک ہی روز پولیو کے تیرہ کیسز سامنے آگئے

اسلام آباد : ملک میں منگل کو قومی ادارہ صحت کی پولیو وائرولوجی لیبارٹری میں پولیو کے تیرہ نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ایک سال میں یہ تعداد 158 تک جاپہنچی ہے۔

وزیراعظم کے پولیو مانیٹرنگ و کوآرڈنیشن سیل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سات کیسز فاٹا، تین خیبرپختونخوا، جبکہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ 2012 میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 58 رہی تھی جبکہ 2013 میں 93 مریض سامنے آئے۔

لیبارٹری نے منگل کو خیبر ایجنسی کی ایک سالہ شاکیبہ ولدرنگین اور خیبرایجنسی کے ہی تیرہ ماہ کے بچے مصطفیٰ ولد سیف اللہ میں زندگی بھر کے لیے معذور کر دینے والے اس مرض کی تصدیق کی۔

اسی طرح پولیو سے متاثرہ دیگر بچوں میں تحصیل باڑہ کا 29 ماہ کا ریاض ولد اسمعیل، شمالی وزیرستان کا بارہ ماہ کا اختر بلال ولد حضرت اللہ،شمالی وزیرستان کا تیس ماہ کا عبدالبشیر ولد اختر جان، جنوبی وزیرستان کا دس ماہ کا حمید اللہ ولد تعویز خان، جنوبی وزیرستان کی نو ماہ کی ملالئی ولد شیر بادشاہ، کے پی کے ضلع بونیر کی دو سالہ امیہ ولد تجار خان، بونیر کی ہی اٹھارہ ماہ کی سائرہ ولد نور ولی، ضلع ٹانک کی تیرہ ماہ کی سبیلہ ولد تارق، پنجاب کے ضع بھکر کی اٹھارہ ماہ کی کبریٰ ولد غلام یاسین، بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کا آٹھ ماہ کا مزمل ولد عبدالمنان اور کراچی کی بائیس ماہ کی رافعہ ولد غلام اسحاق میں اس موذی مرض کی تصدیق ہوئی۔

ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر کے لیے پولیو ویکسین کی شرط بھی عائد کی جا چکی ہے۔

Read Comments