Dawn News Television

شائع 18 ستمبر 2014 01:33pm

'دھرنوں سے ریاست کو نقصان پہنچ رہا ہے'

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں سے حکومت کے بجائے ریاست کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

جعمرات کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی جماعتوں نے ملک میں سرمایہ کاری کا راستہ روک کر اپنے مشن کو کامیاب بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے چین کے صدر نے پاکستان کا دورہ ملتوی کیا۔

چین ہمارے روایتی حریف بھارت میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

ہمیں پتہ ہے چین کو ہم سے دور کرنے والے ایجنڈے پر کام کیا جا رہا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی کابینہ کو احتجاج سے آزاد کیا جائے اور صوبے میں 16 ماہ کی کارکردگی کا حساب بھی دیا جائے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ ایک ماہ سے پاکستان تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے حکومت مخلف دھرنے کے باعث چین کے صدر شی جن پنگ کے اپنا دورہِ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان گزشتہ سال عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف گزشتہ ماہ چودہ اگست سے اپنے شرکاء کے ساتھ اسلام آباد کےڈی چوک پر موجود ہیں جن کا اولین مطالبہ وزیراعظم کا استعفیٰ ہے۔

دوسری جانب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف اور انقلاب اور تبدیلی کا نعرہ لیے ڈاکٹر طاہر القادری کا بھی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اقتدار چوڑ دے اور ماڈل ٹاون واقعہ کے ذمہ داروں کو سزائیں دی جائیں۔

Read Comments