Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2014 03:13pm

سول نافرمانی تحریک:عمران خان نےبجلی کابل جلادیا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کے دوران بجلی کا بل جا دیا۔

انہوں نے اتوار کو کراچی میں عوام سےبجلی کے بل جلوانے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ اتوار کو کراچی جاؤں گا، وہاں کے لوگوں کو تیار کروں گا اور ان سے بجلی کے بل جلواؤں گا، کراچی میں جلسہ کر کے اتوار کی رات ہی واپس اسلام آباد دھرنے میں پہنچ جاؤں گا،

پی ٹی آئی کے ’’یوم نجات‘‘ اور ’’گو نواز گو ڈے‘‘ پر اسلام آباد میں دھرنے کے 36ویں دن خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو منی لانڈرنگ کیس سے بری کیا گیا، یہ کیس دوبارہ کھلے گا، ایک ہفتے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو بھی تمام مقدموں سے بری کر دیا جائے گا، سب نے کرپشن پر مک مکا کیا ہوا ہے۔

مسلم لیگ (نواز) کے جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں پی ایم ایل این کے جلسے میں جانے سے کسی کو نہیں روکا گیا، یہ جمہوری حق ہے جو پی ٹی آئی سب کے لیے چاہتی ہے، پشاور میں کوئی کنٹینر نہیں تھے، کسی کو پکڑایا مارا نہیں گیا اور اسی جلسے میں 'گو نواز گو' نعرہ لگا۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے اپنے لیے یا فیکٹریاں بنانے کے لیے پاکستان نہیں بنایا تھا، قائد اعظم نے پاکستان اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ہمارے لیے بنایا تھا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جب سے نواز شریف آئے ہیں وہ امیر سے امیر ہوتے جا رہے ہیں اور عوام غریب ہوتی جا رہی ہے، ملک ترقی تب کرتا ہے جب ملک کے عوام اور تعلیم پر پیسہ خرچ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا استعفی لیے بغیر واپس نہیں جاؤں گا، میں نے قربانی کی عید اسی کنٹینر میں منانے کا ارادہ کر لیا ہے، 36 دن سے کنٹینر میں ہوں اگر ایک سال بھی رہنا پڑا تو رہوں گا۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا گیا مگر معلوم نہیں وہ پیسہ کہاں گیا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے حکومتی دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔

Read Comments