Dawn News Television

شائع 20 ستمبر 2014 12:05pm

چوتھی شادی کے لیے وزیراعظم کے استعفے کی شرط

اسلام آباد: شہر اقتدار میں جاری دھرنوں میں شمالی وزیرستان کے وزیر قبائل سے تعلق رکھنے والے مستان خان نے بھی چوتھی شادی کے لیے وزیراعظم کے استعفے کی شرط رکھ دی ہے۔

مستان خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے تین شادیاں کر رکھی ہیں اور چوتھی شادی تب کریں گے جب وزیراعظم نواز شریف مستعفی ہوں گے۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے مستان خان دیگر قبائلیوں کے ہمراہ اسلام آباد میں موجود ہیں اور اپنی منفرد مونچھوں اور لمبے قد کے باعث خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ دھرنے کے شرکاء سے پشتو میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ چوتھی شادی تب ہی کریں گے، جب حکومت ختم ہوگی۔

انہوں نے آخر میں ‘گو نواز گو’ کے نعرے بھی لگائے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے بعد میں مستان خان کی تقریر کا اردو میں ترجمہ کر کے بھی سنایا، جس سے تمام شرکاء محضوظ ہوئے۔

سر پر وزیرستانی ٹوپی، ہاتھ میں کلاشنکوف اور بڑی بڑی مونچھوں کے حامل چھیاسٹھ سالہ مستان خان چودہ اگست کے موقع پر اپنی خصوصی جیپ میں اسلام آباد یوم آزادی منانے کے لیے آئے تھے۔


مزید پڑھیں: سیاسی ریلیوں سے دو قبائلی دوستوں کو مایوسی


اگرچہ اُس وقت انہیں اسلام آباد کی ویرانی دیکھ کر خاصی مایوسی ہوئی تھی، تاہم اب وہ اسلام آباد کے دھرنوں میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

وہ اپنی خصوصی جیپ کی سجاوٹ پر بارہ لاکھ سے زائد کا خرچہ کر چکے ہیں۔

ان کی تین بیویاں اور بائیس بچے ہیں جبکہ وہ چالیس بچوں کی پیدائش کی تمنا رکھتے ہیں۔

Read Comments