Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2014 12:52pm

سعودی عرب: دنیا کا سب سے بلند ترین پرچم

جدّہ: سعودی عرب کے 84ویں قومی دن کے موقع پر جدّہ میونسپلٹی آج ایک جہازی سائز کا سعودی پرچم لہرائے گی، جو دنیا کے سب سے بلند پول پر لہرایا جائے گا۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے اس بلند ترین پرچم کو 170 میٹر بلندفلیگ پول پر جدہ میں شاہراہ اندلس کے کنارے واقع خادم الحرمین الشریفین گراؤنڈ میں لہرایا گیا ہے۔ پرچم کی لمبائی 49.5 میٹر اور چوڑائی 33 میٹر ہے، اس پرچم میں مجموعی طور پر 1635 مربع میٹر کپڑا استعمال کیا گیا ہے۔ پرچم کا وزن 750 کلو گرام ہے۔

اس منفرد پرچم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر شریف البحار نے میڈیا کو بتایا کہ بھاری بھرکم جھنڈے کو سہارا دینے کے لیے جدید آلات سے آراستہ 500 ٹن لوہے کا ایک بڑا پول تیار کیا گیا ہے۔

پول پر چڑھنے کے لیے اس کے ساتھ ایک سیڑھی بھی بنائی گئی ہے جس کے ذریعے جھنڈے کو اس کی چوٹی تک با آسانی پہنچایا جا سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں البحار کا کہنا تھا کہ پرچم کو ریمورٹ کنٹرول کی مدد سے گردش دینے، ہوا کے رُخ پر موڑنے، نمی کا تناسب معلوم کرنے، شدید بارش کے منفی اثرات سے بچانے، پول کی چوٹی پر ہوائی جہازوں کی رہ نمائی کے لیے وارننگ لائٹ، تیز ہوا سے اور آتشزدگی سے حفاظت کا بھی انتظام موجود ہے۔

جدّہ کے میئر ہانی ابوراس کا کہنا ہے کہ اس پرچم کو لہرانے کا دوسرا تجربہ بھی کامیاب رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تعمیر اور ڈیزائن کے لحاظ سے سعودی عرب میں اپنی قسم کا یہ پہلا پروجیکٹ ہے۔

Read Comments