آسٹریلین کوچ کلارک اور جانسن کی واپسی کیلئے پرامید
سڈنی: آسٹریلین کوچ ڈیرن لیمن نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل صف اول کے فاسٹ باؤلر مچل جانسن اور کپتان مائیکل کلارک فٹنس مسائل سے چھٹکارا پاکر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
پسلی کی انجری کا شکار مچل جانسن چیمپیئنز لیگ سے دستبردار ہو گئے تھے تاہم وہ اتوار کو ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات روانہ ہو گئے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف ایشز اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے جانسن پاکستان کے خلاف سیریز میں آستریلیا کا سب سے اہم ہتھیار ہوں گے۔
لیمن نے جانسن کی پاکستان کے خلاف سیریز میں عدم شرکت کے حوالے سے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
’وہ کھیلنے کے لیے تیار ہے، یقیناً ٹی ٹوئنٹی تو نہیں تاہم ہم امید کرتے ہیں کہ وہ ایک روزہ میچز اور ٹیسٹ سیریز میں کھیلیں گے‘۔
میلبورن سے ٹیم کی روانگی کے وقت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیمن نے ایک روزہ میچز کی سیریز سے باہر ہونے والے کپتان کلارک کی بھی پہلے ٹیسٹ میچ میں شمولیت کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ وہ ابتدائی ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے، میری کوشش ہو گی کہ وہ پہلے ٹیسٹ قبل ہونے والے پریکتس میچ میں شرکت کر سکیں اور پھر اس کے بعد ہی میں ان کی شرکت کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کر سکوں گا۔
کلارک زمبابوے میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
یاد رہے کہ آسٹریلین ٹیم اس وقت شدید انجری مسائل سے دوچار ہے جہاں کپتان کلارک اور مچل جانسن کے ساتھ ساتھ آل راؤنڈر شین واٹسن، ریان ہیرسن اور جیمز پیٹنسن بھی سنگین انجریز کا شکار ہیں اور پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔