Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2014 03:34pm

گو نواز گو' تبدیلی کی علامت ہے، اعتزاز'

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سینیٹراعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ "گو نواز گو" کے نعرے تبدیلی کی علامت ہیں۔

عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلیوں کے خلاف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوام کو 'گو نواز گو' کا نعرہ فراہم کیا جو کہ اس وقت ملک میں زبان زد عام بنا ہوا ہے۔

دارلحکومت میں دھرنوں کے باعث بلائے گئے پارلیمنٹ کے حالیہ مشترکہ سیشن میں نواز شریف کو مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دینے والے اعتزاز احسن نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کو عوام سے دور رہنے کا بھی مشورہ دے دیا۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں عوام اور مزدور دشمن ہیں تاہم دھرنوں اور جلوسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اسمبلی میں نواز شریف کا نہیں بلکہ جمہوریت کا ساتھ دیاتھا۔

اعتزاز احسن نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے "سیاسی لوٹے" ہیں۔

اعتزاز احسن کے مطابق کل تک عمران خان ،شیخ رشید کو اپنا چپڑاسی رکھنے پر تیار نہیں تھے لیکن آج ان کے مشورے کے بغیر ایک قدم بھی نہیں اٹھاتے۔

Read Comments