Dawn News Television

شائع 30 ستمبر 2014 04:36pm

بینگ بینگ کا نیا ریکارڈ اور دبنگ خان کا چیلنج

بینگ بینگ بوائے ریتک آج کل اپنے بولی وڈ ساتھیوں کو مختلف چیلنجز دینے میں مصروف ہیں اور اب انہوں نے کسی اور کو نہیں دبنگ ہیرو سلمان خان کو مدمقابل آنے کے لیے للکار دیا ہے۔

سلمان خان اور ریتک روشن کے درمیان ماضی میں تعلقات کافی سرد مہری کا شکار رہ چکے ہیں جس کی دونوں تردید بھی کرتے رہے اور لگتا ہے کہ ریتک نے اسی تاثر کو ختم کرنے کے لیے سلمان خان کو دوستانہ چیلنج کیا ہے۔

ریتک نے ٹوئیٹر کے ذریعے سلمان کو چیلنج کیا جس میں انہیں مصوری کے میدان میں اپنی صلاحیت آزمانے کا کہا گیا تھا۔

اس سے پہلے پیر کو رتیک نے اشارہ دیا تھا کہ اب تک کا سب سے بینگ بینگ چیلنج تو اب سامنے آئے گا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ دبنگ خان اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں یا نہیں جس کے لیے انتظار ہی کرنا پڑے گا۔

تاہم اب تک شاہ رخ خان، فرحان اختر، رنویر سنگھ، نرگس فخری اور دیگر کئی اسٹارز ریتک کے چیلنجز کو پورا کر چکے ہیں تاہم شاہد کپور نے شکایت کی ہے کہ آخر بینگ بینگ بوائے نے انہیں کوئی چیلنج کیوں نہیں دیا۔

اس کی وجہ بینگ بینگ اور شاہد کپور کی فلم 'حیدر' کا ایک روز یعنی 2 اکتوبر کو باکس آفس معرکے میں اترنا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ بینگ بینگ ہندوستان بھر میں ساڑھے چار ہزار سے زائد اسکرینز پر ریلیز کی جا رہی ہے اور اس طرح یہ سب سے زیادہ اسکرینز پر ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم کا ریکارڈ اپنے نام کرنے والی ہے۔

بولی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ بینگ بینگ کی ایڈوانس بکنگ کی شرح بہت زبردست ہے اور یقیناً یہ رواں برس کی سب سے بڑی ہٹ ثابت ہوسکتی ہے اور پہلے دن سے لے کر پانچ روز تعطیلات کے دوران ریکارڈ بریکنگ بزنس کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اپنی کہانی اور بزنس کے حوالے سے سال کی سب سے بہترین فلم ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ اس کو ریلیز کیے جانے کا وقت بہتزبردست ہے، خاص طور پر پانچ روز کی تعطیلات نے اس کے سپرہٹ ہونے کا امکان بڑھا دیا ہے۔

بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

Read Comments