Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2014 08:42pm

سونامیوں اور انقلابیوں کے لیے آرام دہ خبر

نیویارک : عمران خان کے سونامیوں اور طاہر القادری کے انقلابیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اب اسلام آباد میں دھرنے کے لیے انہیں کسی عارضی بستر کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ ان کا لباس ہی یہ کام کرسکے گا۔

جی ہاں اگر تو آپ بھی اسی طرح کے کسی دھرنے یا نئے آئی فون کو لینے کے لیے قطار میں کئی کئی ہفتوں کے لیے لگنا چاہتے ہیں تو بس آپ کو ایک لباس کو ہی جسم پر پہننا ہوگا جو رات کو بستر کا کام بھی کرے گا۔

یہ کوٹ نما انوکھا بستر جاپانیوں کی سوچ کا نتیجہ ہے جس کو پہننے والا سخت سے سخت زمین پر بھی مزے کی نیند لے سکتا ہے بس لباس کو سلیپنگ کی طرح اوڑھنا ہی تو ہے۔

اور مزے کی بات یہ ہے کہ آپ کو بھاری خیموں یا بستروں کا بوجھ لاد کر بھی گھومنا نہیں پڑے گا جیسا کہ بتایا جاچکا ہے یہ تو آپ کا لباس ہی ہوگا۔

فیوٹون ائیرمیٹ سیٹ نامی یہ لباس نما بستر جاپانی کمپنی کنگ جم کی تخلیق ہے جو مختلف قد کے حامل لوگوں کی گردن اور ٹانگوں کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرکے آرام دہ بستر کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔

اور اسے موسم کے مطابق کوٹ کی شکل بھی دی جاسکتی ہے۔

اس کے اندر موجود ائیر میٹ کمبل اور نرم گدے کا مزہ دیتا ہے اور اگر اسے پہننا نہ جائے تو یہ کسی کاغذ کے سائز کے بیگ کی شکل میں فولڈ بھی ہوجاتا ہے۔

اس کا وزن بھی صرف 700 گرام ہے اس لیے اسے پہننا اور کہیں لے جانا کوئی مشکل نہیں۔

اس کی قیمت صرف 40 ڈالرز ہے تاہم ابھی یہ صرف جاپان میں ہی دستیاب ہے تاہم اس کی خوبیوں کو دیکھ کر جاپان جاکر اسے لانا مہنگا سودا نہیں لگتا۔

Read Comments