Dawn News Television

شائع 01 اکتوبر 2014 03:42am

امریکا: لشکر طیبہ، حرکت المجاہدین کے حامیوں کے خلاف کارروائی

واشنگٹن: امریکا کا محکمہ خزانہ دو عسکریت پسند گروہوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔

منگل کو محکمہ کی کارروائی میں حرکت المجاہدین کے رہنماؤں کو ہدف بنایا گیا۔

محکمہ نے مبینہ طور پر لشکر طیبہ کو مالی معاونت فراہم کرنے والے دو افراد اور ان کے نیٹ ورکس کو بھی دہشت گرد قرار دے دیا۔

دہشت گرد قرار دیے جانے کے بعد ان افراد یا نیٹ ورکس کے امریکی حدود میں اثاثے منجمد ہو جائیں گے۔ اسی طرح، امریکی شہری ان افراد کے ساتھ کاروبار بھی نہیں کر سکیں گے۔

دہشت گردی اور مالیاتی انٹلیجنس کے انڈر سیکریٹری ڈیوڈ کوہن کہتے ہیں کہ دونوں گروپ ( حرکت المجاہدین اور لشکر طیبہ) پر تشدد دہشت گرد تنظیمیں ہیں جو جنگجوؤں کی تربیت کرنے کے علاوہ القاعدہ جیسی تنظیموں کی حمایت کرتے ہیں۔

Read Comments