Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2014 10:43am

سید کمال کی پانچویں برسی

ساٹھ اور ستر کی دہائی کے کامیاب اداکار سید کمال کا جنم ہندوستان کے شہر میرٹھ میں ہوا جہاں سے 1957 میں وہ پاکستان آگئے۔

پاکستان آ کر انہوں نے اگلے ہی سال اپنی پہلی فلم ’ٹھنڈی سڑک‘ بنائی، کمال کو پاکستان کے پہلے کامیڈی ہیرو کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

سید کمال کی شکل و صورت ہندوستان کے نامور اداکار راج کپور سے کافی مشابہت رکھتی تھی اس لیے انہیں پاکستان کا راج کپور بھی کہا جاتا تھا۔

انہوں نے سویرا، سہاگن، آشیانہ، دال میں کالا، باپو، اپنا پرایا، ایاز، مراد سمیت 200 سے زائد فلموں میں کام کیا، وہ اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹراور پروڈیوسر بھی تھے۔

ان کی ڈائریکٹ کی ہوئی فلموں میں شہنائی، انسان اور گدھا، ،ہنی مون، دوسری ماں، درد دل اور جوکر قابل ذکر ہیں۔

انیس سو اڑسٹھ میں فلم ’بہن بھائی‘ کیلئے انہیں نگار ایورڈ سے بھی نوازا گیا، فلموں سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے ٹی وی کا رخ کیا اور مختلف ڈراموں میں کئی یاد گار کردار ادا کئے۔

انہوں نے سیاسی میدان میں بھی قسمت آزمائی کی مگر کامیاب نہ ہو سکے۔

صحت کی خرابی کے باعث وہ کافی عرصے تک شوبز کی دنیا سے دور رہے۔

طویل علالت کے بعد 75 برس کی عمر میں یکم اکتوبر 2009 کو کراچی میں انتقال کرگئے اور یوں منفرد اداکاری کا ایک حسین باب اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

Read Comments