سیالکوٹ: انڈین گولہ باری سے 120 سرکاری سکول بند
ضلعی انتظامیہ نے جمعرات سے سرحدی دیہات کے سرکاری سکولوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا۔
سیالکوٹ: ہندوستان کی ایک ہفتہ سے جاری بلا اشتعال گولہ باری کی وجہ سے ضلع سیالکوٹ کے سرحدی دیہات میں کم از کم 120 سرکاری سکول دو دنوں سے بند ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے جمعرات کو سرحدی دیہات میں اساتذہ، طالب علموں اور عملہ کی حفاظت کے لئے سکولوں کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا تھا۔
اکثر سرکاری اور نجی سکولوں کی عمارتیں پہلے ہی جولائی اور اگست میں انڈین گولہ باری کی وجہ سے متاثر ہیں۔
یاد رہے کہ تمام نجی سکول جولائی سے بند ہیں۔
جوئیاں، باجرہ گڑھی، ہرپل، عمراںوالہ، شرواہ، دھمالا، کنگرا اور قریبی دیہات کے متاثرہ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل خوف میں زندگی گزار رہے ہیں۔