کھیل

وہاب ریاض آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

انجری کا شکار پاکستان فاسٹ باؤلر وہاب ریاض آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

ابو ظہبی: انجری کا شکار پاکستان فاسٹ باؤلر وہاب ریاض آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے 29 سالہ فاسٹ باؤلر کو جمعہ کو ہونے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں گھٹنے کی انجری ہوئی تھی اور جس کے بعد ایم آر آئی رپورٹ میں انہیں دو سے تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دس اکتوبر آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں دوسرے اوور مکمل کرنے میں ناکام رہے تھے، ان کا پیر کریز پر پھنسا جس کا اثر ان کے الٹے پیر کے گھٹنے پر پڑا اور وہ میچ مکمل نہ کر سکے۔

پریس ریلیز کے مطابق وہاب کو انجری سے بحالی کے لیے دو سے تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

وہاب ریاض اس انجری کے سبب آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بھی شرکت سے محروم ہو گئے تھے۔

ایک روزہ سیریز میں 3-0 کی وائٹ واش شکست کی خفت سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم 22 اکتوبر سے دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں نبرد آزما ہو گی۔

وہاب سے قبل فاسٹ باؤلر جنید خان اور آل راؤنڈر حفیظ بھی انجری کا شکار ہو گئے تھے تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ حفیظ انتہائی تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق حفیظ کے ٹانکے ہٹا دیے گئے ہیں اور انہیں پیر سے سپورٹ کے ساتھ بیٹنگ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جنید خان کی انجری کا منگل کو جائزہ لیا جائے گا لیکن خدشہ ہے کہ وہ ایک ماہ کے لیے کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کے باعث ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان میں تاخیر کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا انتخاب آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے چار روزہ پریکٹس میچ کے بعد کیا جائے گا۔