پاکستان علماء کونسل کی داعش کی مذمت
اسلام آباد: پاکستان علماء کونسل نے جمعے کے روز داعش کی سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان اور اسلام معصوم افراد کے قتل کی حمایت نہیں کرسکتے۔
خیال رہے کہ یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں آئی ایس کے ناموں سے وال چاکنگ کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان، القاعدہ، لشکرِ جھنگوی اور جنداللہ سمیت دیگر شدت پسندوں تنظیموں کے بعد اب اسلامک اسٹیٹ نے بھی کراچی میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔
داعش نے عراق اور شام کے وسیع علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے جہاں بڑے پیمانے پر قتل عام کیے گئے۔
ایک اعلامیے میں پاکستان علماء کونسل نے نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ اس طرح کے پرتشدد گروپ کے ساتھ تعاون نہ کیا جائے جس کی سرگرمیاں پیغمبر محمد صلى الله عليه وسلم کی تعلیمات کے خلاف ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کے شمالی علاقوں بالخصوس تحریک طالبان پاکستان کے زیر اثر علاقوں میں داعش کی حمایت میں پمفلٹس تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
رواں ماہ پاکستانی طالبان کے چھ کمانڈرز نے اہم کمانڈروں نے داعش میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔