Dawn News Television

شائع 19 اکتوبر 2014 05:14am

آسٹریلیا کو ریوریس سوئنگ سے خطرہ

پاکستان 'اے' سے شرم ناک شکست کے بعد آسٹریلیا نے تسلیم کیا ہے کہ معیاری سپن باؤلنگ کی طرح ریورس سوئنگ بھی ان کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔

ہفتہ کو شارجہ میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے آخری دن آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 339 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 185 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان 'اے' کے فاسٹ باؤلر محمد طلحہ نے 32 رنز جبکہ لیفٹ آرم سپنر رضا حسن نے 60 رنز دے کر تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ پاکستان 'اے' نے 8-305 اور 3-306 بنا کر دونوں اننگز ڈیکلئر کی تھیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 8-273 پر ڈیکلئر کیا تھا۔

میچ میں آسٹریلیا کے سب سے کامیاب بلے باز فل ہیوز (65) نے شکست کے بعد بتایا کہ'سپن کے ساتھ ساتھ ریورس سوئنگ بھی بڑا کردار ادا کرے گی'۔

'میں شاید اسی وجہ سے آؤٹ ہوا۔جب تیز باؤلرز اپنے دوسرے سپیل کے لئے واپس آتے ہیں تو گیند ریورس سوئنگ کرنے لگتی ہے'۔

'اور شاید یہی ایک مڈل آرڈر بلے باز کے لئے سب سے مشکل چیلنج ہوتا ہے'۔

ہیوز کے مطابق، جب آپ بیٹنگ کر رہے ہوتے ہیں تو گیند آہستہ آہستہ ریورس سوئنگ کرنے لگتی ہے۔ 'بدقسمتی سے آج میں ذاتی حیثیت میں زیادہ دیر نہیں کھیل سکا'۔

ہیوز نے وعدہ کیا کہ وہ ٹیسٹ میچوں میں مختلف پرفارمنس دیں گے۔

ہیوز نے پاکستان اے کے حوالے سے کہا: انہیں بہتر پرفارم کرتا دیکھ کر وہ خوش ہیں۔ لیکن ایک ٹیسٹ میچ میں مختلف کہانی اور مختلف طرح کا دباؤ ہوتا ہے۔

پاکستان 'اے' کے کپتان اسد شفیق نے بتایا کہ گو کہ اس جیت کی کوئی خاص اہمیت نہیں لیکن اس سے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اعتماد حاصل ہو گا۔

میچ کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اسد نے کہا 'میں نہیں سمجھتا کہ پریکٹس میچ ہونے کے ناطے اس جیت کی کوئی اہمیت ہے'۔

پاکستان ٹیسٹ سکواڈ میں شامل اسد کے مطابق پریکٹس میچ میں کامیابی سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ہماری کچھ کھلاڑیوں کو اعتماد ملے گا۔

Read Comments