Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2014 01:53pm

عمران خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حینف عباسی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس ارسال کردیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق حنیف عباسی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ نے اپنے اسلام آباد دھرنوں کے دوران کی گئی تقریروں میں انہیں منشیات فروش اور دیگر تضحیک آمیز القابات سے نوازا۔

حینف عباسی کا مؤقف ہے کہ اس طرح ان کی شہرت متاثر ہوئی اور وہ ذہنی اذیت کا شکار ہوئے۔

حنیف عباسی کے وکیل غلام مصطفیٰ قدوال ایڈووکیٹ کے ذریعے ایک ارب ہرجانے کا نوٹس عمران خان کو بھجوایا گیا ہے۔

ن لیگ رہنما حنیف عباسی نے عمران خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے کہا ہے کہ چئیرمین تحریک انصاف دو ہفتوں میں معافی مانگیں یا ایک ارب روپے کا ہرجانہ ادا کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی پر بدنامِ زمانہ ایفی ڈرین کیس میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔

ممنوعہ کیمیائی مادہ ایفی ڈرین کی پانچ سو کلو گرام مقدار حاصل کرنے کے الزام پر ان سے پوچھ گچھ بھی کی گئی تھی۔

تاہم اینٹی نارکوٹکس فورس کی طرف سے جاری کردہ دستاویز جمع کرانے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے نومبر 2012 میں ان کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی تھی۔

دستاویز کے مطابق وہ اس کیس میں ملوث نہیں تھے۔


مزید پڑھیں: حنیف عباسی کی درخواست ضمانت منظور


Read Comments