Dawn News Television

شائع 21 اکتوبر 2014 04:29pm

باجوڑ ایجنسی میں طالبان کی پولیو ورکز کو دھمکیاں

باجوڑ ایجنسی: پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کے علاقے تحصیل خار میں کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے پولیو ورکرز سنگین دھمکیاں دی گئی ہیں۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق تحصیل خار میں کالعدم تحریک طالبان نے پمفلٹ تقسیم کیے ہیں جن میں انسدادِ پولیو مہم میں حصہ لینے والے ورکرز کو سنگین نتائنج کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

طالبان کا موقف ہے کہ پولیو مہم اسلامی نظام کے خلاف ہے، لہٰذا جو بھی اس مہم کا حصہ بنے گا، اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثر ہونے بچوں کی تعداد 209 تک جاپہنچی ہے۔

فاٹا میں پولیو کیسز کی تعداد 138 ہو گئی ہے، جب کہ قبائلی علاقوں کے بعد پولیو کے سب سے زیادہ کیسز خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئے ہیں، جن کی تعداد 43 ہے۔

یاد رہے کہ چند روز پہلے ہی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او )نے دنیا میں پولیو کے پھیلاؤ کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا ہے۔


مزید پڑھیں: پولیو کے 80 فیصد کیسز کا ذمہ دار پاکستان ہے، عالمی ادارۂ صحت


عالمی ادارۂ صحت نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کو عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کے ہدف کے حصول میں سب سے بڑا اور واحد خطرہ قرار دیا تھا۔

اس سے قبل مئی میں عالمی ادارہ صحت نے پاکستان سے بیرون ممالک جانے والے مسافروں پر پولیو ویکسین کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی بھی پابندی عائد کردی تھی۔

Read Comments