Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2014 07:20pm

یونس کا تمام ٹیسٹ ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے کا ریکارڈ

دبئی: تجربہ ٹیسٹ کرکٹر اور سابق کپتان یونس خان آسٹریلیا کے خلاف سنچری اسکور کر کے تمام ٹیسٹ کھیلنے ملکوں کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یونس خان نے دبئی میں کھیلنے جانے والے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین اسپنر ناتھن لایون لانگ آن پر فلک بوس چھکا رسید کر کے سنچری اسکور کی۔

یہ نہ صرف ان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری تھی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹیسٹ کھیلنے والے تمام ملکوں کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

چھتیس سالہ تجربہ کار کھلاڑی نے 2000 میں راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے خلا ڈیبیو کیا اور پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

وہ اب تک 92 ٹیسٹ میچوں میں 25 سنچریوں کی مدد سے سات ہزار 716 رنز بنا چکے ہیں جس میں 28 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

یونس نے دبئی ٹیسٹ سے قبل اپنی آخری ٹیسٹ سنچری بھی سری لنکا کے خلاف اگست میں گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں اسکور کی تھی، انہوں نے 177 رنز کی شاندار اننگ تراشی تھی۔

یونس نے سب سے زیادہ سات سنچریاں سری لنکا کے خلاف اسکور کیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 313 بھی سری لنکا ہی کے خلاف کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بنائے۔

یونس کا ہندوستانی ٹیم کے خلاف ریکارڈ بھی انتہائی شاندار ہے جہاں وہ اب تک روایتی حریف کے خلاف پانچ سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ تجربہ کار کھلاڑی نے جنوبی افریقہ کے خلاف چار، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے خلاف دو دو جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے خلاف ایک ایک سنچری اسکور کیں۔

دبئی ٹیسٹ میں سنچری کے ساتھ ہی یونس نے انضمام الحق کا ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے۔

Read Comments