Dawn News Television

شائع 27 اکتوبر 2014 12:14pm

‫کنگ خان نے پھر بازی مار لی

بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی اور ان کی فلم 'ہیپی نیو ایئر' سب سے کم وقت میں سو کروڑ کلب کا حصہ بننے والی فلم کا اعزاز لے اڑی۔

ایکشن اور کامیڈی کا تڑکا لیے کنگ خان کے نئے شاہکار نے بولی وڈ باکس آفس پر صرف تین دن کے اندر 108 کروڑ سے زائد کا بزنس کر لیا۔

کنگ خان کی ٹیم آتے ہی چھا گئی ہے جن کی 'ہیپی نیو ایئر' سال سے پہلے ہی ان سب کے لیے خوشیاں لے آئی ہے۔

پہلے ہی دن 45 کروڑ روپے کی کمائی کرکے شاہ رخ خان نے ثابت کردکھایا کہ وہ کیوں ہیں بولی وڈ کے بادشاہ۔

اتنی بڑی کمائی کا ریکارڈ بنا کر 'ہیپی نیو ایئر' نے دھوم تھری کو بھی چھوڑ دیا ہے پیچھے جس نے پہلے دن 36 کروڑ روپے کمائے تھے۔

یہی نہیں کنگ خان کی نئی فلم تو ان کی اپنی 'چنائی ایکسپیرس' سے بھی تیز بھاگ رہی ہے جس نے شروع کے دنوں میں سوا تینتس کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔

فلمی پنڈتوں کے مطابق 'ہیپی نیو ایئر' کی یہ شاندار کامیابی بتا رہی ہے کہ یہ 500 کروڑ روپے کما لے گی اور وہ بھی بہت کم دنوں میں۔

فلم کی کہانی 'چھ ناکام' لوگوں کے گرد گھومتی ہے جو زندگی کی جانب سے ملنے والے ایک موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس فلم کی ہدایت کار فرح خان ہیں جبکہ شاہ رخ خان نے پروڈیوسر کے فرائض بھی انجام دیے ہیں۔ دونوں اس سے قبل 'میں ہوں ناں' اور 'اوم شانتی اوم' جیسی کامیاب فلمیں بنا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ فلم میں بومن ایرانی، سونو سود، ابھیشک بچن، جیکی شروف اور ویوون شاہ نے بھی کام کیا ہے۔

بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

Read Comments