Dawn News Television

شائع 28 اکتوبر 2014 03:38pm

جنوبی افریقہ پانچ سال بعد عالمی نمبر ایک

جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کامیابی کے ساتھ ہی ایک روزہ کرکٹ کی آئی سی سی رینکنگ میں پانچ سال بعد پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

جنوبی افریقہ نے اس سے قبل ستمبر 2009 میں ایک روزہ کرکٹ کی بہترین ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن اسی ماہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے کے باعث وہ اپنی پوزیشن گنوا بیٹھے تھے۔

جنوبی افریقہ نے حالیہ دنوں نیوزی لینڈ کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی جبکہ سیریز کا تیسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

ان کامیابیوں کی بدولت جنوبی افریقہ آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک پوائنٹ کی برتری کے ساتھ پہلے درجے پر پہنچ گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ سال نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ کپ سے قبل جنوبی افریقہ کا عالمی نمبر بننا چوکرز کہلانے والی جنوبی افریقی ٹیم کی قسمت بدل سکتا ہے اور وہ موجودہ فارم کو دیکھا جائے تو جنوبی افریقہ کی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے سب سے بڑی فیورٹ ہے۔

عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا دوسرے، عالمی چیمپیئن ہندوستان تیسرے اور سری لنکا چوتھے درجے پر موجود ہے۔

بلے بازوں میں بھی جنوبی افریقی کھلاڑیوں کا طوطی بول رہا ہے جہاں کپتان اے بی ڈی ویلیئرز پہلے درجے پر موجود ہیں جبکہ ان کے ہم وطن ہاشم آملا ہندوستانی کھلاڑی ویرات کوہلی کو ایک درجہ نیچے دہکیل کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

باؤلرز میں پابندی کا شکار پاکستانی اسپنر سعید اجمل بدستور پہلے درجے پر موجود ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن دوسرے اور جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین تیسرے نمبرپر موجود ہیں۔

Read Comments