Dawn News Television

شائع 28 اکتوبر 2014 07:45pm

جنید خان لمبے عرصے کے لیے کرکٹ سے باہر

پاکستانی فاسٹ باؤلر جنید خان کی انجری سنگین نوعیت اختیار کر گئی ہے اور ان کے گھٹنے میں فریکچر کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث وہ لمبے عرصے کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔

جنید کو شارجہ میں پریکٹس سیشن میں کے دوران انجری ہوئی جس کے باعث وہ پہلے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ اور پھر ٹیسٹ میچز کی سیریز سے باہر ہو گئے۔

انجری کا شکار جنید اور وہاب ریاض ان دنوں پاکستانی کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے اسپورٹس میڈیسن کے جنرل منیجر ڈاکٹر سہیل سلیم کی زیر نگرانی انجری سے بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ حال ہی میں ہونے والے ایم آر آئی میں انکشاف ہوا کہ جنید کے گھٹنے میں فریکچر ہے، جنید کی رپورٹس ہڈیوں کے مقامی سرجنز کو بھیجنے کے ساتھ ساتھ بیرون سرجنز کو بھی بھیجی گئی ہیں اور ان کا جواب آنے کے بعد ہم آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں انجری کا شکار ہونے والے وہاب ریاض ان دنوں بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

ڈاکٹر سلیم کے مطابق ابتدا میں وہاب نے بیٹنگ پریکٹس شروع کی لیکن پیر سے انہوں نے نیٹ میں باؤلنگ بھی شروع کردی ہے اور ان کی کارکردگی سے کافی حد تک مطمئن ہوں۔یاد رہے کہ قومی ٹیم نے پہلے ہی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں پہلے میچ کا اسکواڈ برقرار رکھتے ہوئے راحت علی، عمران خان، محمد طلحہ اور احسان عادل پر بھروسہ کیا گیا ہے۔

Read Comments