Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2014 06:20pm

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی منظور

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے کاشتکار کو فائدہ ہوگا اور مہنگائی میں کمی واقع ہوگی'۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'ہم دھرنوں سے ہونے والےنقصان کی تلافی کے لیے کوششیں کررہےہیں'۔

'اگر بجلی کا بحران ختم نہ ہوسکا تو اس کی ذمہ داری دھرنے والوں پر عائد ہوگی'۔

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ چوک اورچوراہوں پرنہیں ہوگا'۔

واضح رہے کہ پیٹرول کی قیمت 103 روپے 62 پیسے سے کم ہوکر 94 روپے 19 پیسے کی جارہی ہے، جس کے بعد پیٹرول نو روپے 43 پیسے سستا ہوجائے گا۔

ڈیزل 107 روپے 39 پیسے سے ایک سو ایک روپے 21 پیسے کردیا گیا ہے، اس طرح اس کی قیمت میں 6 روپے 18 پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

جبکہ مٹی کا تیل 8 روپے 16 پیسےسستا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت87 روپے 52 پیسے ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اوکٹین 14 روپے 68 پیسےفی لیٹرسستا ہوگیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا ۔


زائد بلوں کی آڈٹ رپورٹ مسترد


اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے بجلی کے زائد بلوں سے متعلق آڈٹ رپورٹ مسترد کردی تھی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کو بجلی کے زائد بلوں سے متعلق آڈٹ رپورٹ پیش کی گئی، تاہم وزیراعظم نے رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

وزیراعظم نے ایک ہفتے کے اندر دوبارہ رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت دی ۔

ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وزیراعظم نے بجلی کے زائد بل بھیجے جانے میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لینے کے ساتھ ساتھ صارفین کو معاوضہ ادا کرنے اور ان کی شکایات کو جلد سے جلد دور کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر پلاننگ احسن اقبال اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں وزیراعظم کو بریفنگ دی اور وزیراعظم کے سوالات کے جوابات دیئے۔

Read Comments