معطلی کا شکار کھلاڑی جلد ایکشن میں نظر آئینگے، کمبلے
دبئی: سابق ہندوستانی گیندباز انیل کمبلے نے بدھ کے روز امید کا اظہار کیا ہے کہ مشکوک باؤلنگ ایکشنز والے باؤلرز ایکشن میں بہتری کے بعد کرکٹ دوبارہ کھیل سکیں گے۔
44 سالہ لیگ اسپنر آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ ہیں جس نے رواں سال جون میں مشکوک باؤلنگ ایکشنز کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔
نتیجتاً صف اول کے چند کرکٹرز بشمول پاکستانی آف اسپر سعید اجمل بین الاقوامی کرکٹ سے معطل کردیئے گئے تھے۔
معطل کھلاڑی ایکشن بہتر بناکر آئی سی سی کی منظور شدہ لیب سے ٹیسٹ کرواکر کلیئرنس حاصل کرسکتے ہیں۔
ٹیسٹ میں 619 اور ایک روزہ کرکٹ میں 337 وکٹیں حاصل کرنے والے کمبلے نے کہا کہ ایکشن بہتر بنانے والے مراحل سے گزرنے کے بعد کھلاڑیوں کی کرکٹ میں واپسی ممکن ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’میں انتہائی پرامید ہوں کہ جن کھلاڑیوں کو مشکوک ایکشن کی وجہ سے رپورٹ کیا گیا ہے وہ اسے درست کرکے واپس آجائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ تھوڑے وقت ہی کی بات ہے پھر معطلی کا شکار باؤلرز دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 13 سال کی عمر میں وہ فاسٹ باؤلنگ کرتے تھے لیکن ان کے ساتھیوں نے انہیں بتایا کہ ان کا ایکشن درست نہیں اس لیے وہ لیگ اسپن کرنے لگے۔
جم لیکر کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی ایک ہی اننگ میں تمام وکٹیں حاصل کرنے والے کمبلے نے کہا کہ چھوٹی عمر میں ہی ایکشن کی خرابی درست کرنے پر زور دینے کی ضرورت ہے کیوں کہ بڑی عمر میں اسے تبدیل کرنا مشکل ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دوسرا‘ 15 ڈگری کے خم کے اندر کروانا ممکن ہے۔