کھیل

مارک رام پرکاش انگلینڈ کے بیٹنگ کوچ مقرر

انگلینڈ کے سابق کھلاڑی مارک رام پرکاش کو انگلش ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

لندن: انگلینڈ کے سابق کھلاڑی مارک رام پرکاش کو انگلش ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

پینتالیس سالہ سابق انگلش کھلاڑی کو گراہم گوچ کی جگہ یہ عہدہ سونپا گیا ہے جنہیں اس سال کے اوائل میں عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔

اس عہدے کے لیے سابق انگلش کھلاڑی گراہم تھارپ کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا لیکن تھارپ نے بیرون ملک دوروں پر ٹیم کے ساتھ جانے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا جس کے بعد بورڈ نے رام پرکاش سے رابطہ کیا۔

رام پرکاش نے اس سے قبل نیشنل پرفارمنس سینٹر میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا اور انگلش ٹیم کے دورہ سری لنکا پر ٹیم کے ساتھ جانے پر رضامندی ظاہر کی۔

ای سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر پال ڈاؤن ٹاؤن جمعرات کو بیان میں کہا کہ میں مارک رام پرکاش کو بیٹنگ کوچ مقرر کرنے پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ رام پرکاش نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ انتہائی بہترین روابط قائم کیے اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ بہترین روابط قائم کرتے ہوئے ٹیم کے لیے بہترین نتائج فراہم کرنے کا سبب بنیں گے۔

رام پرکاش 52 ٹیسٹ اور 18 ایک روزہ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔