پاکستان

عیسائی جوڑے کا قتل پوری انسانیت کی تذلیل، ویٹی کن

ویٹی کن نے پاکستان میں مذہبی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اس ہولناک واقعہ کی شدید مذمت کریں۔

روم: ویٹی کن کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے پاکستان میں عیسائی جوڑے کے پرتشدد قتل کو پوری انسانیت کی تذلیل قرار دیا ہے۔

رومن کیتھولک چرچ کی کونسل برائے بین العقائد مکالمےکے سربراہ کارڈینل یان لوئس ٹورین نے کہا کہ انہیں شہزاد مسیح اور شمع بی بی کے ہولناک قتل کی خبر سن کر بہت صدمہ ہوا۔

منگل کو لاہور کے قریب ایک بھٹہ مزدور شہزاد اور ان کی بیوی کو تقریباً 1500 افراد پر مشتمل ہجوم نے مبینہ طور پر قرآن پاک کی توہین پرتشدد کے بعد زندہ بھٹی میں ڈال دیا۔

ٹورین نے ویٹی کن ریڈیو پر کہا ’مذہب کے نام پر اس طرح کے جرائم پر ہم کیسے جذباتی نہ ہوں؟

انہوں نے پاکستان میں مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اس واقعہ کی شدید مذمت کریں۔

’یہ پوری انسانیت کی تذلیل ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں سب سے پہلے مسلمان ہدف بنے ہیں کیونکہ اس سے اسلام کو ایک خراب تصور ملا۔