کھیل

وارن کی ٹوئٹس سے بہت حوصلہ ملا، یاسر

آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کرنے میں شین وارن کی ٹوئٹس نے اہم کردارادا کیا، پاکستانی لیگ سپنر۔

ابو ظہبی: پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریزمیں بیٹنگ لائن تباہ کرنے کے دوران انہیں لیجنڈری شین وارن کی ٹوئٹس سے بہت حوصلہ ملا۔

28 سالہ شاہ نے مہمان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کُل 12 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے 20 سالوں میں پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار کیا ہے۔

یاسر کے مطابق، ٹیسٹ سیریز کے دوران انہیں وارن کی ٹوئٹس سے تحریک ملتی رہی۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ جس طرح وارن نے میری حمایت کی اور روزانہ ٹوئٹس کی اس سے مجھے بہت حوصلہ ملا۔

شاہ نے بتایا کہ ان کی وارن سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی لیکن وہ آسٹریلین باؤلر سے ملنے کے خواہش مند ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈ ریکارڈ کے مالک سری لنکا کے متھیامرلی دھرن کے بعد وارن نےٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

وارن نے 2007 میں ختم ہونے والے کیرئیر میں کُل 708 ٹیسٹ وکٹیں گرائیں۔

شاہ نے بتایا کہ انہوں نے وارن کو دیکھ کر ہی کرکٹ کھیلنا شروع کی۔

'میں شروع سے ہی وران کو فالو کرتا رہا اور میرا باؤلنگ ایکشن بھی ان جیسا تھا لیکن پھر (لاہور اکیڈمی میں سابق کوچ) عاقب جاوید نے میرا ایکشن تبدیل کر دیا لیکن وارن ہمیشہ سے میری انسپریشن رہے ہیں'۔

پاکستان لیگ سپنر نے بتایا کہ دبئی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرتے ہوئے وہ پہلے پہل کافی نروس تھے۔

'میں نروس تھا کیونکہ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنا تھا لیکن کوچ وقار یونس نے مجھے کہا کہ میں ایسا سمجھوں جیسے یہ ایک فرسٹ کلاس میچ ہے'۔

'اسی طرح (سپن باؤلنگ کوچ) مشتاق احمد اور (کپتان) مصباح الحق نے میری بہت زیادہ حوصلہ افزائی کی جس کی وجہ سے میں نے ایسا محسوس کیا کہ یہ ایک فرسٹ کلاس میچ ہے'۔

شاہ اس بات سے متفق نہیں کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ مسابقتی نہیں۔

'دیکھیں، ہماری ڈومیسٹک کرکٹ میں مقابلہ ہے۔ ہماری پچوں پر گھاس ہے اور سپنرز کو ان پر وکٹیں ملنا مشکل ہے۔ اسی وجہ سے ہمیں بہت زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے اور میری کامیابی کی بھی یہی وجہ ہے'۔

یاسر شاہ نے دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ ورانر کو آؤٹ کرنے کو سب سے زیادہ یادگار قرار دیا۔

'میں نے وارنر کو سنچری بنانے کے بعد آؤٹ کیا۔ میں نے انہیں آؤٹ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور وہ کامیاب رہا۔ یہ میری سب سے بہترین وکٹ تھی'۔

شاہ کے مطابق وہ اتوار کو ابو ظہبی میں شروع ہونے والی نیوزی لینڈ سیریز کی تیاریاں کر رہےہیں۔