ایشین خواتین فٹبال، افتتاحی میچ میں پاکستان کو شکست
اسلام آباد: اسلام آباد میں شروع ہونے والے تیسرے ایشین خواتین فٹبال چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دے دی۔
بیس نومبر تک جاری رہنے والے جنوبی ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف)کے خواتین کپ میں پاکستان، انڈیا اور افغانستان سمیت آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
پاکستان میں پہلی مرتبہ علاقائی ملکوں کی خواتین کے کھیلوں کا کوئی بڑا ایونٹ کھیلا جا رہا ہے۔
میزبان پاکستان کی نوجوان ٹیم سری لنکا کے سامنے پہلے ہاف میں دباؤ کا شکار نظر آئی۔ سری لنکن مڈ فیلڈر ایشھارا مادو شانی نے ہاف ٹائم سے قبل پہلا گول سکور کیا۔
بریک کے بعد پاکستان کو گول برابر کرنے کے کچھ موقع ملے لیکن سری لنکن فارورڈ آئی ایل ای کمودومالا نے 86 ویں منٹ میں ٹیم کیلئے دوسرا گول داغ دیا۔
کھیل ختم ہونے سے کچھ لمحات قبل 89 ویں منٹ میں پاکستانی کپتان حاجرہ خان نے مہمان ٹیم کے لیے واحد گول سکور کیا۔
پاکستان میں خواتین کھیلوں کے مقابلے عام نہیں تھے لیکن سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف نے اپنے دور میں اس حوالے سے راہیں ہموار کیں۔
ملک میں پہلی خواتین نیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد 2005 میں ہوا ۔
حاجرہ خان کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹورنامنٹ سے ان کی نوجوان ٹیم کو عالمی مقابلوں کا اچھا تجربہ حاصل ہو گا۔
‘مجھے یقین ہے کہ اگر ہمیں عالمی سطح پر مزید ایسے مواقع ملے تو ہماری پرفارمنس میں بہتری آئی گی
’ہماری نوجوان اور کم تجربہ کار ٹیم اچھا لڑی، بالخصوص دوسرے ہاف میں‘۔
گزشتہ ہفتہ پاک –انڈیا سرحد پر ایک خود کش حملے میں 60 ہلاکتوں کے بعد ایونٹ کے انعقاد پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا تھا۔تاہم ، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے مہمان ٹیموں کو سخت سیکورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔
خواتین فٹبال کیلئے فیفا کی ایک کنسلٹنٹ مونیکا سٹاب نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں سیکورٹی خدشات لاحق نہیں اور یہ ٹورنامنٹ ابھرتی ہوئی نوجوان خواتین کھلاڑیوں کیلئے ایک اچھی علامت ہے۔
گروپ اے میں شامل انڈیا اپنا پہلا میچ مالدیپ کے خلاف جمعرات کو کھیلے گا جبکہ اسی دن افغانستان اور بنگلہ دیش بھی آمنے سامنے ہوں گے۔