دوسرے ٹیسٹ میں حفیظ کی شرکت مشکوک
دبئی : پاکستانی اوپنر محمد حفیظ دبئی میں پریکٹس کے دوران ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی پیر سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں 248 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی جب کہ محمد حفیظ نے میچ کی دوسری اننگ میں ناقابل شکست سنچری بنائی تھی۔
قومی ٹیم کے منیجر معین خان کے مطابق محمد حفیظ کی شرکت مشکوک ہے۔ "حفیظ کی شرکت ابھی تک مشکوک ہے، ہم ان کی انجری جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے پیر کو ہی حتمی فیصلہ کریں گے"۔
محمد حفیظ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم میں باؤلنگ کے فرائض بھی انجام دیتے ہیں تاہم پہلے ٹیسٹ کے دوران میچ ریفری کی جانب سے ان کے ایکشن کو مشکوک قرار دیا گیا ہے۔
محمد حفیظ کو اگلے 21 دن کے اندر اندر آئی سی سی کی بائیو مکینگ جانچ سے گزرنا ہے تاہم وہ اس دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کروا سکتے ہیں۔
محمد حفیظ کی انجری سے قومی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ پاکستان کے دوسرے اوپنر احمد شہزاد پہلے ہی کورے اینڈرسن کا باؤنسر لگنے کی وجہ سے سیریز سے آؤٹ ہو چکے ہیں۔
امید کی جا رہی ہے کہ تجربہ کار اوپنر توفیق عمر، احمد شہزاد کی جگہ لیں گے جب کہ اگر حفیظ میچ نہیں کھیلتے تو نوجوان شان مسعود کو ان کی جگہ موقع دیا جائے گا۔