Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 نومبر 2014 04:21pm

سلمان خان کے ارپیتا کو کروڑوں مالیت کے تحفے

بولی وڈ اداکار سلمان خان کی بہن ارپیتا خان اور ان کے دیرینہ دوست آیوش شرما ہمیشہ کے لئے ایک ہوگئے، یہ شادی متعدد حوالوں سے ہمیشہ یاد رہے گی۔

اسے مزید یادگار بنانے کے لئے سلمان خان نے ارپیتا کو 16 کروڑ روپے مالیت کا انتہائی مہنگا فلیٹ بطور تحفہ دیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا میں پچھلے کئی دنوں سے جس حسیں شام کے چرچے تھے اور جس کا سب کو انتظار تھا وہ آخر کار منگل کو حیدرآباد دکن کے مہنگے ترین ہوٹل ’فلک نما پیلس‘ میں سج گئی۔

فلیٹ ممبئی کے پوش علاقے کارٹر روڈ پرواقع ہے جو ’ٹیرس فلیٹ‘ کہلاتا ہے اور یہاں سے ممبئی کا شاندار نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

فلیٹ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ سلمان خان کی رہائشگاہ ’گلیکسی اپارٹمنٹ‘ سے صرف پانچ منٹ کی ڈرائیو پر ہے، سلمان ارپیتا کو خود سے زیادہ دور نہیں کرنا چاہتے تھے اس لئے فلیٹ بھی قریبی علاقے میں خریدا ہے۔

یہی نہیں اداکار نے نئے شادی شدہ جوڑے کو سفید رنگ کی رولز روئس فینٹم کار تحفے میں دی ہے، جس کی مالیت ہندوستان میں چار کروڑ روپے ہے۔

روایتی طور سلمان خان کے حریف سمجھے جانے والے شاہ رخ خان نے بھی ارپیتا کے سنگیت کی رسم میں شرکت کی جس کی میڈیا نے بھرپور کوریج کی۔

ارپیتا خان کی شادی کے سلسلے میں فلک نما پیلس کو پانچ دن کے لئے بک کیا گیا اور ہر دن کا کرایہ ایک کروڑ روپے تھا۔

یاد رہے کہ سلمان خان کے والد سلیم خان مصنف ہیں اور ’شعلے‘ جیسی بے شمار فلموں کی کہانیاں ان کے کریڈیٹ پر ہیں، ارپیتا کو سلیم اور ان کی پہلی بیوی سلمیٰ نے بچپن میں ہی گود لے لیا تھا۔ ارپیتا کی اصل ماں بے گھر تھیں اور ممبئی کی ایک فٹ پاتھ پر ہی ان کا انتقال ہوا تھا۔ انتقال کے وقت ارپیتا بہت رو رہی تھی، سلیم اور سلمیٰ سے ارپیتا کا رونا دیکھا نہیں گیا اور انہوں نے نہ صرف ارپیتا کو گود لے لیا بلکہ اپنی دیگر اولاد کی طرح ہی اس کی پرورش بھی کی۔

انڈیا ٹوڈے کی ایک پورٹ کے مطابق، ارپیتا نے لندن سے تعلیم حاصل کی ہے جبکہ وہ اس وقت ممبئی کی ایک کمپنی میں انٹیرئیر ڈیزائنر ہیں اور انہیں فلموں اور گلیمر سے کوئی دلچسپی نہیں۔

جبکہ ان کے شوہر آیوش شرما دہلی میں اپنا خاندانی بزنس سنبھالتے ہیں اور انہیں فلموں میں اداکاری کرنا پسند ہے۔

بشکریہ انڈیا ٹوڈے

Read Comments