Dawn News Television

شائع 21 نومبر 2014 07:56pm

پاکستانی فتوحات کا سلسلہ رک گیا

دبئی: ٹاپ آرڈر کی غیر متوقع ناکامی کے بعد پاکستان نیوزی لینڈ کے خلا ف دوسرا ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

مہمان ٹیم نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 72 اوورز میں 261 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ایک موقع پر ٹرنٹ بولڈ (12-2) کی مسلسل دو وکٹوں نے پاکستان کو 4-75 تک محدود کر دیا تھا لیکن ٹاپ سکورر یونس خان (44) اور اسد شفیق (41)ناٹ آؤٹ کے 74 نے ٹیم پر شکست کے سائے کم کر دیے۔

آخری دن کھیل ختم ہونے سے 5 اوورز پہلے پاکستان کے سکور 5-196پر میچ ڈرا قرار دے دیا گیا۔

اس سے پہلے، کیویز کپتان برنڈن مک کلم نے جارحانہ فیصلہ کرتے ہوئے 9-250 پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کی قابل ذکر کارکردگی راس ٹیلرز کے شاندار 104 رنز تھے۔

پاکستان کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے پہلی مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 79 رنز پر پانچ کیوی بلے بازوں کو پولین کی راہ دکھائی۔

لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر نے 96 رنز پر 4 وکٹیں سمیٹیں۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو اب بھی 0-1 کی برتری حاصل ہے جبکہ دونوں ٹیموں میں تیسرا اور آخری ٹاکرا بدھ کو شارجہ میں شروع ہو گا۔

261 رنز کے ہدف میں پہلے آؤٹ ہونے والے پاکستانی بلے باز اظہر علی تھے جو شان مسعود کے ساتھ 62 رنز جوڑنے کے بعد مارک کریگ کی فل ٹاس پر کور میں کیچ دےبیٹھے۔

بولٹ نے مسعود (40) کو ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد اپنے اگلے ہی اوور میں مصباح الحق کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔

4-75 پر یونس خان اور اسد شفیق نے ذمہ داری سے بیٹنگ شروع کی اور نیوزی لینڈ کی فتح کی کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

50 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرنے کے بعد خان کریگ کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

ان کے آؤٹ ہونے پر مہمان ٹیم کی امیدیں ایک مرتبہ بھی جاگ اٹھیں لیکن سرفرار احمد (24) اوراسد شفیق نے ان کی امیدیں ختم کر دیں۔

Read Comments