Dawn News Television

شائع 23 نومبر 2014 07:38pm

داعش کی چاکنگ کون کررہاہے؟،متحدہ قومی موومنٹ

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے سوال کیا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھرمیں داعش کی چاکنگ کون کر رہا ہے؟

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واسع جلیل نے کہا کہ جماعت اسلامی داعش اورالقاعدہ کاگٹھ جوڑہے، گٹھ جوڑ کو سمجھنے کے لیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں، لاہور میں جاری اجتماع عام میں منور حسن نے قتال پر بیان دیا، جماعت اسلامی میں منور حسن جیسے لوگ ہوں گے تو انہیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔

واسع جلیل کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے داعش کے حوالے سے قوم کو آگاہ کیا، جس پر ان کا تمسخر اڑایا گیا، ایم کیو ایم نے ہمیشہ اپنا قومی اور اخلاقی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھرمیں داعش کی چاکنگ کون کر رہا ہے؟ ، یقیناً داعش کے ہمنوا چاکنگ میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے ملک میں داعش نام کی کوئی چیز نہیں ہیں درحقیقت حکمران حقائق سے چشم پوشی کر رہے ہیں۔

واسع جلیل نے کہا کہ داعش سے متعلق صحیح وقت پر ایکشن نہ لیا گیا تو نقصان پاکستان کا ہوگا۔

Read Comments