Dawn News Television

شائع 23 نومبر 2014 08:59pm

عمران خان کی ’’چوریاں’’ سامنے لانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جو شخص چوری کے پیسوں سے سفر کرتا ہوں، چوری کیسے ختم کر سکتا ہے، عمران خان کی چوریاں سامنے لائیں گے۔

اسلام آباد م یں پریس کانفرنس میں پرویز رشید نے کہا کہ ایک لاکھ روپے ٹیکس دینے والا اتنی شاہانہ زندگی کیسے گزار رہا ہے، عمران خان کے زیر استعمال جہاز کے اخراجات کا کہیں ذکر نہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کسی بھی کمپنی کا جہاز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکتا، طیارہ جہانگیر ترین کی ملکیت نہیں بلکہ جے ڈی ڈبلیو کا ہے، تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کمپنی کے اقلیتی شیئر ہولڈر ہیں، کاروباری جہاز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان طیارے کو ذاتی جہاز سمجھ کر استعمال کر رہے ہیں، کوئی بھی پبلک لمیٹڈ کمپنی سیاسی جماعت کو چندہ نہیں دیتی، عمران خان جہاز ضرور استعمال کریں مگر اپنے ذاتی پیسوں یا پارٹی فنڈ کا استعمال کریں۔

عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ اگر آپ نے جہاز کا معاوضہ ادا کیا ہے تو رسیدیں ج دکھائیں، ایک سال میں جہاز پر 4کروڑ سے زیادہ خرچ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 2018 تک صبر کرنا ہوگا، عوام نے ان کی ضد اور ہٹ دھرمی کی سیاست کو مسترد کر دیاہے، عمران خان یلغار اور دھونس کی سیاست سے گریز کریں۔

پرویز رشید کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے تعمیری منصوبوں سے عمران خان خوفزدہ ہیں، عمران خان عوام کی فلاح کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو عدالت نے اشتہاری قرار دیا، حکومت نے نہیں، کسی کو گرفتار نہیں کریں گے، صبر و تحمل سے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

Read Comments